بنگلور2/ ستمبر (ایس او نیوز) دریائے مہادائی سے کرناٹک کو پانی کی فراہمی کے مسئلے پر مسٹر آ روی دیش پانڈے نے کہاکہ اس پانی کی تقسیم کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو فوراً پہل کرنی چاہئے۔ تینوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کرکے انہیں اس معاملے کو سلجھانا چاہئے۔ مہادائی ٹریبونل کے حالیہ فیصلے کے بعد اس مسئلے کو سلجھانے کیلئے گوا، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ کا اہتمام کرنے کا مشورہ خود ٹریبونل نے بھی دیا ہے۔ حکومت کرناٹک کا پہلے ہی سے یہ استدلال رہا ہے کہ جلد از جلد تینوں وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کی جائے۔اب جبکہ ٹریبونل نے بھی یہی مشورہ دیا ہے تو وزیر اعظم کو وفاقی نظام کے تحت بین ریاستی امور کو سلجھانے کی پہل کرتے ہوئے تینوں وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ طلب کرنی چاہئے۔ اپنے مطالبات منوانے کیلئے مزدوروں کی طرف سے کی گئی ہڑتال پر تبصرہ کرتے ہوئے مسٹر دیش پانڈے نے کہاکہ ملک کے ہر شہری کو اپنے حقوق منوانے کیلئے احتجاج کا پورا اختیار ہے۔ اپنے اسی حق کا استعمال کرتے ہوئے مزدوروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔